بنگلورو25؍جولائی(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہاکہ ریاست بھر میں طلبا کو مفت بس پاسوں کی فراہمی کے سلسلے میں حکومت جلد فیصلہ کرے گی۔ اس سلسلے میں آج وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی کی قیادت میں منعقدہ وزراء کی میٹنگ میں یہ رائے ظاہر کی گئی ہے کہ تمام طلبا کو بلاامتیاز پاس کی فراہم یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔اس میں مالی حیثیت کی بنیاد پر کسی طرح کا امتیاز نہیں برتا جانا چاہئے۔ میٹنگ میں یہ رائے ظاہر کی گئی کہ سماج کے تمام طبقات سے وابستہ طلبا کو حسب معمول بس پاسوں کی مفت فراہمی جاری رکھنی چاہئے، کیونکہ طلبا کی حیثیت کی بنیاد پر اگر پاسوں کی فراہمی میں امتیاز برتا گیا تو اس سے 70 فیصد زیادہ طلبا متاثر ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ بس پاسوں کی فراہمی سے متعلق مرکزی حکومت عنقریب رہنما خطوط وضع کرے گی۔ جن کی بنیاد پر پاس کی فراہمی اور طلبا کے مفادات کے تحفظ کے لئے کارروائی کی جائے گی۔پچھلی سدرامیا حکومت نے اعلان کیا تھا کہ تمام اسکولوں اور کالجوں میں زیر تعلیم طلبا کو حکومت کی طرف سے مفت بس پاس کی فراہمی کی جائے گی، اب جبکہ سدرامیا حکومت گر چکی ہے اسی لئے ان کا یہ اعلان عملی شکل اختیار نہیں کرپائے گا۔ تاہم اس اسکیم کو اس لئے لاگو نہیں کیا جاسکا کہ انتخابات میں سدرامیا حکومت گر گئی۔ اس دوران وزیر ٹرانسپورٹ ڈی سی تمنا کا یہ بیان کہ حکومت اگر منظوری دے تو مفت بس پاس کی فراہمی کی جائے گی، طلبا میں پریشانی کا سبب بنا ۔ آج وزیر اعلیٰ نے چن پٹن میں سرکاری اسکولوں کے طلبا میں مفت بس پاس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔